اسلام آباد(آن لائن)پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت فوری طور پر سندھ طاس معاہدے کے معمول کے مطابق عملدرآمد بحال کرے، یہ فیصلہ پاکستان کے مؤقف کی توثیق کرتا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ اب بھی مؤثر اور نافذ العمل ہے۔ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عدالت نے 27 جون کو کشن گنگا اور رتلے ہائیڈرو الیکٹرک منصوبوں پر پاکستان بھارت تنازع میں اضافی فیصلہ سنایا، عدالت نے قرار دیا ہے کہ اس کا دائرہ اختیار برقرار ہے، عدالت نے کہا کہ وہ اس مقدمے کو بروقت، مؤثر اور منصفانہ انداز میں آگے بڑھانے کی ذمہ داری رکھتی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کو غیر قانونی اور یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے اعلان کے بعد عدالت نے یہ اضافی فیصلہ جاری کیا،پاکستان نے اس اضافی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے،یہ فیصلہ پاکستان کے مؤقف کی توثیق کرتا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ اب بھی مؤثر اور نافذ العمل ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو اس معاہدے کے حوالے سے یکطرفہ اقدام کا کوئی حق حاصل نہیں، بھارت فوری طور پر سندھ طاس معاہدے کے معمول کے مطابق عملدرآمد کو بحال کرے،بھارت اپنے معاہداتی فرائض مکمل طور پر اور دیانتداری سے ادا کرے۔
Comments are closed.