شہر قائد کے علاقے لیاری میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی
عمارت کے ملبے سے ایک لاش اور 6 زخمیوں کو نکال لیا گیا،ملبے میں دبے مزید افراد کو نکالنے کیلئیریسکیوآپریشن جاری
کراچی(آن لائن)شہر قائد کے علاقے لیاری میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی، عمارت کے ملبے سے ایک لاش اور 6 زخمیوں کو نکال لیا گیا،ملبے میں دبے مزید افراد کو نکالنے کیلئیریسکیوآپریشن جاری ہے۔واقعے کے فوری بعد ریسکیو ادارے، پولیس اور رینجرز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت میں 6 خاندان رہائش پذیرتھے۔ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری طلب کر لی گئی ہے۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹراماسینٹرمیں 6 زخمیوں کولایا گیا ہے جن میں ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔عینی شاہدین کے مطابق عمارت میں کئی خاندان مقیم تھے اور گرنے سے قبل عمارت کی حالت خستہ تھی۔ انتظامیہ نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ امدادی کاموں میں خلل نہ ڈالیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ نے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ریسکیو اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کو جلد از جلد نکالا جائے اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جائے۔
مراد علی شاہ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے کراچی بھر میں خستہ حال اور بوسیدہ عمارتوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو اداروں کو فوری امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ملبے تلے دبے افراد کو بحفاظت نکالنا اولین ترجیح ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد و ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔
Comments are closed.