دہشت گردی کے منصوبے ناکام‘سی ٹی ڈی اور پولیس کی تونسہ شریف، بہاولپوراور لکی مروت میں مشترکہ کارروائیاں‘ 9دہشتگرد ہلاک
تونسہ شریف، بہاولپور، لکی مروت (آن لائن)محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس کی تونسہ شریف، بہاولپوراور لکی مروت میں دہشت گردی کے منصوبے ناکام بناتے ہوئے مشترکہ کارروائیوں کے دوران 9دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے ۔تونسہ میں فتنة الہندوستان کے دہشت گردوں کے درمیان سرحدی گاؤں کے قریب شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 خطرناک دہشت گرد ہلاک اور 5 زخمی ہوکر جنگل کی طرف فرار ہوگئے۔بہاولپورمیں سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑا سانحہ ناکام بنا دیا۔ فائرنگ میں ایک دہشتگرد ہلاک اور 3 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔لکی مروت میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) ٹیپو گل گروپ سے تعلق رکھنے والے 3 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ پنجاب نے کامیاب کارروائیوں پر سی ٹی ڈی اور پولیس کوخراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا ہر جگہ پیچھا جاری رکھیں گے۔مریم نواز نے پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کو شاباش دی اور کہا کہ دہشت گردوں کا تعاقب جاری رہے گا، دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے۔اطلاعات کے مطابق پنجاب کے شہر تونسہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا،
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور فتنة الہندوستان کے دہشت گردوں کے درمیان سرحدی گاؤں کے قریب شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 خطرناک دہشت گرد ہلاک اور 5 زخمی ہوکر جنگل کی طرف فرار ہوگئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی، اس دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے، 5 زخمی مشتبہ افراد جنگل کی سمت فرار ہوگئے۔سی ٹی ڈی نے ہلاک دہشت گردوں سے رائفلز، 3 آئی ای ڈیز، گولا بارود، دستی بم اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا، فرار دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے رومی اور تونسہ کے قریب چیک پوسٹیں قائم کر دی ہیں، مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے،سی ٹی ڈی نے 4 لاشیں ہسپتال منتقل کیں، ایک لاش دشہت گردوں کے ساتھی اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تونسہ کے قریب فتنة الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر پنجاب پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیم کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا ہر جگہ پیچھا جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کے بہادر سپوتوں نے پہلے بھی دلیری کے ساتھ خارجی دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کو شاباش دی اور کہا کہ دہشت گردوں کا تعاقب جاری رہے گا، دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ آپریشن کے موقع پر پولیس حکام موقع پر پہنچے اور ٹیموں کو مبارک باد دی۔دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے بعد علاقے میں کلین اینڈ سرچ آپریشن جاری ہے۔دریں اثنا سی ٹی ڈی پنجاب اور پولیس نے بہاولپور میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب فتنة الہندوستان سے تعلق رکھنے والا دہشتگرد ہلاک کردیا۔ سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑا سانحہ ناکام بنا دیا۔ فائرنگ میں ایک دہشتگرد ہلاک اور 3 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں گولیاں اور ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے۔ بعد ازاں دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ادھرخیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) ٹیپو گل گروپ سے تعلق رکھنے والے 3 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔لکی مروت پولیس کے ترجمان عامر خان نے ایک بیان میں کہا کہ سی ٹی ڈی نے مقامی پولیس کے ساتھ مل کر حرم تلہ گاؤں کے قریب بٹانی نیہ کے علاقے میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا اور 3 مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کا تعلق ٹی ٹی پی کے ٹیپو گل گروپ سے تھا اور وہ سی ٹی ڈی کے وحید اللہ، ٹریفک کانسٹیبل انور شیر اور کانسٹیبل ادریس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ انکاؤنٹر تقریباً 25 منٹ تک جاری رہا۔پولیس نے مشتبہ دہشت گردوں کی شناخت وسیم اللہ عرف عمر خطاب، قدرت اللہ عرف ابوبکر اور ہجرت اللہ عرف ہجرت کے طور پر کی ہے۔وہ لکی مروت کے علاقے گنڈی خان خیل، ہجرت اللہ اور سرائے گمبیلا ٹاؤن کے علاقے حرم تلہ کے رہائشی تھے۔پولیس کے بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ دہشت گرد بنوں سی ٹی ڈی کو دیسی ساختہ بموں کے استعمال اور پولیس پر حملوں سمیت دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔
Comments are closed.