کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو قوم کا خراجِ عقیدت، صدرِ مملکت اور سپیکررقومی اسمبلی کا شہید کو نذرانہ تحسین

اسلام آباد (آن لائن) کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کی 26ویں برسی کے موقع پر ملک بھر میں انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شہید کی جرات، بہادری اور قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے دشمن کے خلاف بے مثال جرا ت اور قربانی کا مظاہرہ کیا، جو ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیر خان شہید نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ دے کر ایک سچے سپاہی ہونے کا ثبوت دیا، اور پوری قوم ان کی عظمت اور شجاعت کو سلام پیش کرتی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ کارگل کے میدان میں شہید نے دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر دفاع کیا اور جرات و بہادری کی نئی داستان رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ شیر خان شہید کی قربانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، اور پوری قوم اپنے اس عظیم ہیرو پر بجا طور پر فخر کرتی ہے۔

اسپیکر نے حالیہ آپریشن "معرکہ المرصوص” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاعی ادارے آج بھی دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا رہے ہیں، اور پاکستان کا ہر فرد کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطن کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔ یہ دن نہ صرف کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے بلکہ اس عزم کا اظہار بھی ہے کہ پاکستان کے سپوت ہر قیمت پر مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔

Comments are closed.