نواز شریف اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات محض افواہ ، یہ کسی کی خواہش تو ہو سکتی ہے لیکن حقیقت نہیں، اسحاق ڈار
لاہور (آن لائن) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی نواز شریف اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات کو محض افواہ قرار دیتے ہوے کہا ہے کہ یہ کسی کی خواہش تو ہو سکتی ہے لیکن حقیقت نہیں ۔ پیپلز پارٹی اتحادی ہے اور رہے گی ۔ خطے میں امن کے خواہاں ہیں ، ایران پرو اضح ہو گیاکہ اس کاسچا دوست کون ہے۔لاہورمیں داتا دربارکے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا نواز شریف اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات کے بارے میں محض قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں یہ کسی کی خواہش تو ہو سکتی ہے لیکن ہمیں کسی کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا ۔ ہم ملک کی بہتری کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر کام کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کو اتحادی اور مشکل کی ساتھی جماعت قرار دیتے ہوے کہا کہ مخصوص نشستوں بارے فیصلے کے بعد ن لیگ کو اگر چہ سادہ اکثریت حاصل ہو گئی ہے تاہم اس کے باوجود ہم پیپلز پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے ۔ پیپلز پارٹی ہماری ا تحادی ہے اور رہے گی ۔
حکومت بنانا پیپلز پار ٹی کی سپورٹ کے بغیر نا ممکن تھا۔ پیپلز پارٹی نے کوئی وزارتیں بھی نہیں مانگی ۔ انہوں نے کہا پاکستان 2022 میں ڈیفالٹ ہونے کے دہانے پر تھا اگر اس وقت یہ تبد یلی نہ آتی تو ملک دوبارہ اس حالت میں نہ آتا ۔ شہباز شریف نے دن رات محنت کر کے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ۔ پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر بات کر تے ہوئے انہوں نے کہا جنگ پاکستان کا ایجنڈا نہیں تھا یہ ہم پر مسلط کی گئی ۔ جس کا پاک فوج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں منہ توڑ جواب دیا ۔ اللہ نے ہمیں فتح عطا کر کے عزت سے نوازا ہم نے بھارت کے چھ طیارے مار گرائے ۔ جنگ کے وقت ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کو انگیج کیا اور تمام سیاسی جماعتیں متحد تھیں۔ سب نے ایک ہو کر بھارت کو جواب دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملے کی پاکستان نے کھل کر مذمت کی ۔ ایران پر بھی واضح ہو گیا کہ کون اس کا سچا دوست ہے ایرانی پارلیمنٹ میں پاکستان سے اظہار تشکر کے نعرے لگائے گئے ۔ ہم نے ایران کو سفارتی سطح پر بھی سپورٹ کیا ۔
انہوں نے کہا آج پاکستان کی ہر جگہ عزت و وقار ہے ۔ ہماری معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکی ۔ ہم خطے میں امن اور ترقی کے خواہاں ہیں ۔ اللہ سے ملک کی مزید ترقی کے لئے دعا گو ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں ۔ اور اس جنگ میں جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہیں ۔ ہم اس جنگ میں بھی کامیاب ہو ں گے ۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے 9 اور 10 مئی کو بھارت کو وہ سبق سکھایا جو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ پاکستان بھارت کی جارحیت کے خلاف سرخرو ہوا، دنیا نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا۔اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی پر اللّٰہ کے حضور سر بسجود ہیں۔
Comments are closed.