ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری

لاہور (آن لائن) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ جاری کردہ الرٹ کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق دریائے کابل، سندھ، چناب، سوات، چترال، ہنزہ سمیت دیگر ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ دریائے جہلم اور اس کے معاون نالوں میں اچانک طغیانی کا بھی امکان ہے۔

شمال مشرقی پنجاب، جنوبی بلوچستان، آزاد کشمیر، آواران، خضدار، جھل مگسی اور قلعہ سیف اللہ سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ شہریوں، خصوصاً نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قیمتی اشیاء اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور ہنگامی صورتحال کے لیے 3 سے 5 دن کی خوراک، پانی اور ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں۔دوسری جانب لاہور میں گرمی اور حبس کا راج برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

ہوا کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، جس کے باعث شدید گھٹن محسوس کی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز کی بارش کے باوجود موسم مرطوب اور غیر آرام دہ ہے۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج شہر میں 40 فیصد بارش کا امکان ہے، اور دن بھر سورج و بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے، بعض علاقوں میں تیز بارش جبکہ کچھ میں ہلکی بوندا باندی متوقع ہے۔

Comments are closed.