سپریم کورٹ میں مقدمہ سماعت کیلئے مقرر نہ ہونے پر فواد چوہدری چیف جسٹس کی عدالت میں پیش ہو گئے

 اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ میں مقدمہ سماعت کیلئے مقرر نہ ہونے پر فواد چوہدری چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی عدالت میں پیش ہو گئے۔جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے کیس کی سماعت کے حوالے سے رجسٹرار آفس آپ کو مطلع کرے گا۔بدھ کے روزپی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، وکیل فیصل چوہدری کے ساتھ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی عدالت میں پیش ہو گئے۔فواد چوہدری نے چیف جسٹس کے روبرو مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ہمارا مقدمہ سماعت کے لیے نہیں لگا۔

ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے کہا کہ لارجر بینچ دستیاب تھا تو کیس لگنا چاہیے تھا۔ فواد چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ سپریم کورٹ احکامات کے بعد 9 مئی کیسز روزانہ چل رہے ہیں۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ 4ماہ میں کیسز نمٹانے کی احکامات پر ناانصافی نہیں ہونی چاہیے۔ ایک دن ایک ہی کیس انسداد دہشت گردی عدالت چلے گا۔ یہ نہیں کہ تمام کیسز کی ایک دن مختلف عدالتوں میں سماعت ہو۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے کیس کی سماعت کے حوالے سے رجسٹرار آفس آپ کو مطلع کرے گا۔بعدازاں فواد چوہدری بنچ نمبر ایک سے روانہ ہوگئے۔

Comments are closed.