پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے دھمکی دیتے ہوے کہا ہے کہ عمران خان سے کسی کو ملنے نہیں دیا جارہا، اب ہم تحریک کا آغاز کریں گے اور پورا پاکستان دیکھے گا۔ گزشتہ 4 حکومتوں میں جتنا کام نہیں ہوا اتنا ہم ایک حکومت میں کرکے دکھائیں گے۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ 4 حکومتوں میں جتنا کام نہیں ہوا اتنا ہم ایک حکومت میں کرکے دکھائیں گے۔ جن حلقوں میں سہولیات میسر نہیں ہیں وہاں کے ارکان اسمبلی کو جوتے مارنے چاہییں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے مختصر عرصے میں صوبے کے وسائل میں اضافہ کیا، بجٹ میں فیصلہ کیاکہ پرانے منصوبوں کو مکمل کریں گے۔ ایک سال میں 441 اسکیمیں مکمل کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم حکومت میں آئے تو خزانہ خالی تھا اور صوبے پر قرض چڑھا ہوا تھا،
ہم نے اپنے وسائل میں اضافہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کئی سال سے نئے اضلاع اور تحصیلوں کے نام پر اربوں روپے ضائع ہورہے ہیں، ایسے اضلاع کا کیا فائدہ جہاں کالج اور ڈسٹرکٹ اسپتال ہی موجود نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کریگی، پشاور میں دل کا جدید اسپتال تعمیر کریں گے، جبکہ ہر ریجن میں بھی کارڈیک اسپتال بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو ملازمین اپنی ڈیوٹی دیانتداری سے نہیں کررہے وہ حرام کھا رہے ہیں، ایسے لوگوں کو نوکری چھوڑ دینی چاہیے۔
اگر ہم دیانتداری سے ہر کام کریں گے تو ضرور عظیم قوم بنیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اگر ملاوٹ کی وجہ سے کسی شخص کی موت ہورہی ہے تو اس کا قاتل وہ شخص ہے جو ملاوٹ کررہا ہے۔ ہمیں اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے اور غلطیوں پر معافی مانگنی چاہیے۔
Comments are closed.