شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے، کور کمانڈرز کانفرنس کا دو ٹوک عزم
دنیا اب بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اور ہندوتوا پر مبنی انتہاپسندانہ نظریات سے بخوبی آگاہ ہو چکی ، آرمی چیف
حالیہ دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی
ملکی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، اور علاقائی و بین الاقوامی صورت حال پر تفصیلی غور
فورم کا مشرق وسطیٰ اور ایران کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں عالمی سطح پر طاقت کے استعمال کے بڑھتے رجحان پراظہار تشویش
راولپنڈی ( آن لائن) فیلڈ مارشل آرمی چیف سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، اور علاقائی و بین الاقوامی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کانفرنس کا آغاز حالیہ دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔ فورم نے بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والی دہشت گرد پراکسیز کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور ہر قسم کے دشمنانہ اقدامات کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
فورم نے اس امر پر زور دیا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف فیصلہ کن اور جامع کارروائیاں ناگزیر ہو چکی ہیں، خاص طور پر پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ کانفرنس میں آرمی چیف نے وزیرِ اعظم پاکستان کے ہمراہ ایران، ترکیہ، آذربائیجان، سعودی عرب اور یو اے ای کے کامیاب دوروں کی تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کیا، جب کہ ان کے تاریخی اور اہم دورہ امریکہ پر بھی بریفنگ دی گئی، جس میں پاکستان کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی معاملات پر موٴقف کو اعلیٰ امریکی قیادت کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کیا گیا۔فورم نے مشرق وسطیٰ اور ایران کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں عالمی سطح پر طاقت کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کو قومی اتحاد، خود انحصاری اور دفاعی حکمت عملی کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف نے بھارت کی جانب سے خطے میں تیسری قوت کو شامل کرنے اور خود کو نیٹ سیکیورٹی پرووائڈر کے طور پر پیش کرنے کی کوششوں کو بلاک پولیٹکس کی بھونڈی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا اب بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اور ہندوتوا پر مبنی انتہاپسندانہ نظریات سے بخوبی آگاہ ہو چکی ہے۔کور کمانڈرز کانفرنس میں پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں، جنگ کی بدلتی نوعیت، اور ابھرتے ہوئے خطرات کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، جب کہ پاک بحریہ اور فضائیہ کی قیادت کو ٹرائی سروسز ہم آہنگی کو فروغ دینے پر سراہا گیا۔کانفرنس کے اختتام پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملک کو درپیش تمام خطرات کے خلاف پاک فوج کی تیاریوں اور عزم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان کی مسلح افواج ہر قیمت پر ملک کے دفاع، عوام کی سلامتی اور شہداء کے لہو کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
Comments are closed.