اسلام آباد (آن لائن) مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے انتظامیہ کی جانب سے بڑی کارروائی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر چینی فروخت کرنے والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی ہدایت پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاوٴن کرتے ہوئے کئی دکانیں سیل کر دیں اور متعدد دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔
ڈی سی اسلام آباد نے ہدایت کی ہے کہ ریٹ لسٹ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے اور کسی بھی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گراں فروشوں کی نشاندہی کریں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔ عرفان میمن نے واضح کیا کہ جس علاقے میں چینی مہنگے داموں بیچی گئی، وہاں کے متعلقہ افسر کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کو تمام علاقوں کی نگرانی کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انتظامیہ کا موٴقف ہے کہ عوام کو ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا اور ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
Comments are closed.