اسلام آباد (آن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں تعینات آسٹریا کی سبکدوش ہونے والی سفیر مسز اینڈریا وِکے نے ایوانِ صدر میں الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ صدرِ مملکت نے پاکستان اور آسٹریا کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی کہ انہوں نے اپنی سفارتی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے سرانجام دیں۔ صدر زرداری نے آسٹریا کے صدر کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان آسٹریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے آسٹریا کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کے وسیع سیاحتی شعبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
صدرِ مملکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان آسٹریا کی الپائن ٹورازم میں مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، جبکہ آسٹریا کی کمپنیاں پاکستان کے تربیت یافتہ اور ہنرمند آئی ٹی ماہرین کی خدمات سے بھی فائدہ حاصل کر سکتی ہیں۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق رائے ظاہر کیا گیا۔
Comments are closed.