پاکستان‘ بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت، وزیر داخلہ محسن نقوی کاڈھاکہ میں وزارت داخلہ آمد پر پرتپاک استقبال
ڈھاکہ (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے دورہ بنگلہ دیش کے دوران دوطرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم چودھری سے ملاقات میں دونوں ممالک نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری کی سہولت دینے پر اصولی اتفاق کر لیا، جو پاک بنگلہ دیش تعلقات کے لیے ایک مثبت سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو وزارت داخلہ آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان داخلی سلامتی، پولیس ٹریننگ، انسداد دہشت گردی، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف تعاون پر بھی مفصل تبادلہ خیال ہوا۔دونوں وزرائے داخلہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پولیس اکیڈمیز کے درمیان ٹریننگ پروگرامز کا تبادلہ بڑھایا جائے گا
جبکہ انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید موٴثر بنایا جائے گا۔ بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے پولیس ٹریننگ کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ "آپ کا دورہ پاک بنگلہ تعلقات کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعاون کو موٴثر اور پائیدار بنانے کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جس کی سربراہی پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا کریں گے۔ اس موقع پر بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے داخلہ خدا بخش، سیکرٹری داخلہ نسیم الغنی، ایڈیشنل سیکرٹری سکیورٹی ڈویڑن شمیم خان، پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور محمد واصف، پولیٹیکل قونصلر کامران دونگل سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ مزید برآں بنگلہ دیش کا ایک اعلیٰ سطحی وفد آئندہ دنوں میں اسلام آباد کا دورہ کرے گا، جہاں وہ سیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا معائنہ کرے گا۔
Comments are closed.