انتخابات نئے سال میں ہی ہوں گے ، عام انتخابات سے فوج کا کوئی تعلق نہیں، انوارالحق کاکڑ
نیویارک (آن لائن)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ا نتخابات نئے سال میں ہی ہوں گے ، عام انتخابات سے فوج کا کوئی تعلق نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ان کے قید ساتھیوں کے بغیر بھی عام انتخابات ہو سکتے ہیں۔
امریکی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کے ان سینکڑوں کارکنوں کے بغیر بھی منصفانہ انتخابات ہو سکتے ہیں جو توڑ پھوڑ اورغیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے جیل میں ہیں۔انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ انتخابات نئے سال میں ہی ہوں گے جبکہ انتخابات میں فوجی مداخلت کی بات درست نہیں، عام انتخابات سے فوج کا کوئی تعلق نہیں۔نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ووٹنگ کرانے کی ذ مہ داری الیکشن کمیشن کی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا موجودہ سربراہ چیئرمین پی ٹی آئی کا ہی مقرر کردہ ہے تو وہ کیوں ان کی مخالفت کریں گے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی سے ذاتی انتقام نہیں لیا جا رہا، قانون کیمطابق کارروائی ہوگی، چیئرمین پی ٹی آئی ہو یا کوئی اور سیاست دان قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔اس سے قبل امریکی ٹی وی سی این این کو انٹرویو می انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ انتخابات وقت پر ہونے کا یقین ہے اور الیکشن پر اثر انداز ہونے والوں سے قانون کے مطابق نپٹا جائے گا۔
Comments are closed.