اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اختیار ولی نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر راہنما، سینٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان کی سیاسی صورتحال اور حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے اس موقع پر کہا کہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھی سب سے زیادہ کردار اسی جماعت کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کے تینوں دور، شاندار ترقی اور عوام کی خوشحالی کے دور تھے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری میں بھی پاکستان کی عزت و وقار کو نئی بلندیوں تک پہنچایا اور ہمیشہ عوام کی ترقی و خوشحالی کو اپنے منشور کا سب سے اہم حصہ قرار دیا۔نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو بھی ناقابل تسخیر بنا دیا۔سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کو چاہنے والا ایک بڑا عوامی حلقہ موجود ہے، جس کیلئے دونوں صوبائی قیادتوں کو ذیادہ فعال اور متحرک کردار ادا کرنا چاہیے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ایک بار پھر اپنے بنیادی مسائل پر قابو پاتے ہوئے تعمیر و ترقی کی راہ پر چل نکلا ہے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے معرکہ حق کو قومی تاریخ کا اہم موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کی شاندار کارکردگی کے باعث بھارت کی شرمناک شکست نے داخلی اور خارجی منظر نامہ مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی صوبائی قیادتوں کو معرکہ حق کی روشنی میں جشن آزادی کی تقریبات کو پورے جوش و ولولہ کے ساتھ منظم کرنا چاہیے۔
صدر مسلم لیگ (ن) سندھ بشیر میمن اور وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کے حوالے سے عوام میں نہایت مثبت تبدیلیاں آرہی ہیں اور جماعت کا دائر بڑھ رہا ہے۔ملاقات میں سینیٹر ناصر بٹ، سینیٹر افنان اللہ خان، مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے ڈاکٹر درشن اور مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر علی اکبر گجر بھی موجود تھے۔
Comments are closed.