سوات (آن لائن)سوات میں زمرد کی کان کا ایک حصہ بیٹھنے کے نتیجے میں 900 فٹ گہرائی میں پھنسے 4 مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ریسکیو 1122 نے جمعرات کو بتایا کہ حادثہ بدھ کی شام پیش آیا تھا جس کے بعد ایک بڑا ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، زمرد کی کان کا ایک حصہ بیٹھنے کے نتیجے میں متعدد مزدور زمین کے اندر پھنس گئے، ریسکیو 1122 سوات کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق کان کنی کے دوران زمین بیٹھنے کا واقعہ پیش آیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیمیں نکالے گئے مزدوروں کو فوری طبی امداد فراہم کر رہی ہیں، ان کے مطابق ’کان بیٹھنے کے بعد آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رہا، جس میں 40 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا‘۔یہ ریسکیو آپریشن ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سوات رفیع اللہ مروت کی قیادت میں کیا گیا۔بلال احمد فیضی کے مطابق ریسکیو 1122 کے تربیت یافتہ عملے اور جدید آلات نے اس آپریشن کو کامیاب بنایا۔
سوات کے سرسبز پہاڑوں میں خاص طور پر زمرد کی کان کنی کو طویل عرصے سے ناقص ضابطہ کاری اور نگرانی کی کمی پر تنقید کا سامنا رہا ہے، جو اکثر مزدوروں کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈالتی ہے۔یہ حالیہ واقعہ ایک بار پھر اس جانب توجہ دلاتا ہے کہ خطے میں کان کن مزدوروں کے لیے معیاری حفاظتی طریقہ کار اور مناسب تربیت کی اشد ضرورت ہے۔
Comments are closed.