اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ناصرف عزم و ہمت، بہادری کی مثال ہے، بلکہ ملکی معاشی ترقی میں بنیادی پہیے کی حیثیت رکھتی ہے۔وفاقی حکومت نوجوانوں کی تعلیم، صلاحیتوں، ہنر مندی، پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافے کے لیے مختلف پالیسیز کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات بھی اٹھا رہی ہے۔نوجوانوں کے عالمی دن پر پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کے عالمی دن پر اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کے دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان کی نوجوان آبادی کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ 2025 کا نوجوانوں کا عالمی دن ”مقامی نوجوان آبادی کے لئے سیسٹینیبل ڈیویلپمنٹ گولز (SDGs) کے تناظر میں اقدامات” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ناصرف عزم و ہمت، بہادری کی مثال ہے، بلکہ ملکی معاشی ترقی میں بنیادی پہیے کی حیثیت رکھتی ہے۔ نوجوان نا صرف قومی اور عالمی افق پر ملک کا نام روشن کرتے ہیں بلکہ مقامی سطح پر بھی مختلف شعبہ ہائے معیشت میں اپنا تعمیری کردار ادا کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہنر مند نوجوان معاشی سرگرمیوں میں اپنی ذہانت اور توانائیوں کو بروے کار لاتے ہوئے ترقی کے ثمرات عوام الناس تک پہنچانے میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ وفاقی حکومت نوجوانوں کی تعلیم، صلاحیتوں، ہنر مندی، پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافے کے لیے مختلف پالیسیز کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات بھی اٹھا رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل کی جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے مکمل اگاہی وفاقی حکومت کی ترجیح ہے تاکہ نوجوان نسل عالمی سطح پر دوسرے ممالک کے نوجوانوں کے ہم پلہ ہو سکیں۔ قومی مصنوعی ذہانت پالیسی 2025 سے بلاشبہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کو مختلف شعبوں میں بروئے کار لانے میں مدد دے گی۔وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام (PMYSDP) کامیابی سے لاکھوں نوجوانوں کی ہنر مندی میں اضافہ کر رہا ہے. علاوہ ازیں وزیراعظم یوتھ کاروبار و زرعی قرضہ جات سکیم، نوجوانوں کی کاروباری و کاشتکاری کی صلاحیتوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے محو عمل ہے۔ نوجوان طالب علموں کے لیے ٹیکنیکل اور آئی۔ ٹی ٹریننگ، پیڈ انٹرن شپ اور تعلیم کے لیے قرضہ پروگرام بھی حکومتی اقدامات میں شامل ہیں۔
روزمرہ زندگی میں مختلف مقامی مسائل کے حل میں نوجوان رضاکاروں کی شمولیت ہمارے ملک کی خاصیت اور سماجی ورثہ ہے۔ ان رضا کاروں کی جانب سے کسی بھی ایمرجینسی، مصیبت اور قدرتی آفات میں دوسروں کی بے لوث امداد، قابل تحسین ہے۔ اسی تناظر میں حکومت نے اڑان پاکستان کے تحت کمیونٹی سطح پر بھی نوجوانوں کے لیے پلیٹ فارمز کا اہتمام کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ آئیے آج کے دن وفاقی وصوبائی حکومتیں، والدین، اساتذہ, مذہبی و سماجی رہنما اس عزم کا اعادہ کریں کہ نوجوان نسل کو اپنے مذہبی، تہذیبی اور سماجی اقدار کا امین اور معاشی ترقی اورجدید دور کی ٹیکنالوجی سے مزین روشن مستقبل کا ضامن بنائیں گے.
Comments are closed.