سیکیورٹی فورسز کے ژوب کے علاقہ سمبازہ میں جاری اپریشنز کے دوران مزید تین خوارج ہلاک‘تعداد 50 تک پہنچ گئی

ژوب، راولپنڈی، اسلام آباد(آن لائن)سیکیورٹی فورسز کے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقہ سمبازہ میں جاری اپریشنز کے دوران مزید تین خوارج ہلاک کر دیئے ہیں جس سے کلیئرنس آپریشن میں ہلاک ہونیوالے خوارج کی تعداد 50 تک پہنچ گئی۔صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دھشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

تفصیل کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقہ سمبازہ میں جاری اپریشنز کے دوران مزید تین خوارج ہلاک کر دیئے گئے جس سے سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن کے دوران ہلاک ہونیوالے خوارج کی تعداد 50 تک پہنچ گئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ اور اس کے گردونواح میں 7 اگست سے جاری کامیاب کارروائیوں میں 47 خوارج ہلاک ہوئے تھے، 10 اور 11 اگست کی درمیانی شب پاک افغان سرحد کے قریب ایک اور کلیئرنس آپریشن کیا گیا، اس تازہ کارروائی میں مزید 3 بھارتی سپانسرڈ خوارج مقرے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد کیا گیا، چار روزہ اس آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کی کل تعداد 50 ہو چکی ہے

، ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں پاکستان کی سرحدوں کے تحفظ اور ملک کے استحکام کو یقینی بنانے کے لئے جاری ہیں، اور کسی بھی قیمت پر دشمن عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سمبازہ میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار روز میں 50 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے‘قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔صدر نے کہا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے دشمن کبھی کامیاب نہیں ہوں گے‘دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی ۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان-افغانستان سرحدی علاقے، سمبازا میں خوارج کے خلاف ایک اور کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی ہے ۔وزیرِ اعظم نے چند دن قبل اسی علاقے میں 47 خارجیوں کو جہنم رسید کرنے کے بعد کل شب 3 مزید بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ دھشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔افواج پاکستان شب و روز ارضِ وطن کو دھشتگردوں سے پاک کرنے میں مصروف عمل ہیں جس پر مجھ سمیت پوری قوم انکو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک سے دھشتگردی کے مکمل خاتمے کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں فتنہ الہندوستان کے مزید 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں فتنہ پھیلانے میں ملوث بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنایا۔ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو سلیوٹ کرتے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

Comments are closed.