اسلام آباد(آن لائن)امریکہ اور پاکستان نے دہشت گردی کی تمام صورتوں اور مظاہر کے خاتمے کے عزم کو دہرایا ہے اورامریکہ نے کہا ہے کہ علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بننے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کو سراہتے ہیںُ دونوں ممالک نے دہشت گرد مقاصد کے لیے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے استعمال کو روکنے پر زور دیا۔امریکا پاکستان انسدادِ دہشت گردی مکالمہ کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق امریکاپاکستان نے 12 اگست کو اسلام آباد میں انسدادِ دہشت گردی مکالمے کے تازہ دور کا انعقاد کیا،مکالمہ میں دہشت گردی کی تمام صورتوں اور مظاہر کے خاتمے کے عزم کو دہرایا گیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان کے اسپیشل سیکریٹری برائے اقوام متحدہ نبیل منیر اور امریکی محکمہ خارجہ کے ایکٹنگ کوآرڈینیٹر برائے انسدادِ دہشت گردی گریگوری ڈی۔ لوگیرفو کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا۔امریکی دفترخارجہ کے مطابق مکالمہ میں بلوچستان لبریشن آرمی، داعش-خراسان اور تحریکِ طالبان پاکستان سے لاحق خطرات سے نمٹنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بننے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کو سراہتے ہیں۔امریکی دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں، جعفر ایکسپریس سانحہ اور خضدار میں اسکول بس بم دھماکے میں شہید ہونے والے شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے لیے تعزیت کی گئی
۔دونوں جانب نے ادارہ جاتی ڈھانچوں کو مزید مضبوط بنانے، سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو بہتر کرنے پر زور دیا۔ دونوں ممالک نے دہشت گرد مقاصد کے لیے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے استعمال کو روکنے پر زور دیا۔دونوں ممالک نے اقوامِ متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز میں قریبی تعاون کے عزم کو دوہرایا تاکہ مؤثر اور دیرپا انسدادِ دہشت گردی حکمتِ عملیاں فروغ دی جا سکیں۔مستقل اور منظم رابطہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔
Comments are closed.