وزیر اعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی ٹیم امدادی کاموں کی نگرانی کے لیے پشاور پہنچ گئی‘ امدادی سرگرمیاں شروع
اسلام آباد(آن لائن)وزیر اعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی ٹیم امدادی کاموں کی نگرانی کے لیے پشاور پہنچ گئی اور امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔سیاح حضرات سے التماس کی گئی ہے کہ اگلے 5 تا6 روز تک شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے سے گریز کریں ۔وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق این ڈی ایم اے خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کو مکمل معاونت فراہم کر رہا ہے۔ این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کو امدادی سامان فراہم کر رہا ہے۔گزشتہ شام چئیرمین این ڈی ایم اے نے وزیر اعظم کو تمام صورت پر بریفنگ دی تھی۔ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ سول اور عسکری اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری امدادی کاروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کر رہا ہے۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ شمالی علاقہ جات میں ممکنہ بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں مزید اضافے کا امکان ہے بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔ شدید بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے حالیہ واقعات کے باعث خیبر پختونخواہ میں 321افراد جاں بحق اورمختلف اضلاع میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں 28افراد زخمی ہوئے ہیں۔متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے سمیت پاک آرمی، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور مقامی رضاکار امدادی کاروائیوں میں مصروف ہیں۔
Comments are closed.