اسلام آباد (آن لائن) سفارتی ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف آئندہ ماہ اکتوبر میں ملائشیا کا سرکاری دورہ کریں گے، جو ان کا بطور وزیرِ اعظم پہلا دورہ ملائشیا ہو گا۔ دورے کی تیاریاں جاری ہیں اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں میں مشاورت کا عمل بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ملائشیا روانہ ہو گا، جس میں کابینہ اراکین، اعلیٰ سرکاری افسران اور ممکنہ طور پر بزنس کمیونٹی کے نمائندے شامل ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ملائشیا کے وزیرِ اعظم داتو انور ابراہیم سے اہم ملاقات متوقع ہے، جب کہ وہ ملائشیا کی دیگر اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقع، بزنس ٹو بزنس روابط، اور عوامی سطح پر تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دورے کے دوران متعدد مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) اور دوطرفہ معاہدوں پر دستخط کا بھی امکان ہے، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان معاشی و تجارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔یاد رہے کہ ملائشیا کے وزیرِ اعظم داتو انور ابراہیم نے گزشتہ برس اکتوبر میں تین روزہ دورہ پاکستان کیا تھا، جو ان کا بطور وزیرِ اعظم پہلا دورہ پاکستان تھا۔ اب پاکستانی وزیرِ اعظم کا یہ متوقع دورہ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کو تسلسل دینے کی ایک اور اہم کڑی تصور کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.