رانا ثنا اللہ پنجاب سے سینیٹ انتخاب میں کامیاب قرار

لاہور(آن لائن ) مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا ثنا اللہ پنجاب سے سینیٹ الیکشن جیت گئے۔ انہوں نے 250 ووٹ حاصل کیے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔ پنجاب اسمبلی میں کل 251 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اسمبلی سے روانہ ہوگئیں۔انتخابی کامیابی کے بعد لیگی کارکنوں نے رانا ثنا اللہ کے حق میں زبردست نعرے بازی کی اور ان پر گل پاشی بھی کی۔ نومنتخب سینیٹر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے جمہوری عمل کا بائیکاٹ کرکے الیکشن سے راہ فرار اختیار کی۔

تحریک انصاف نے کاغذات داخل کیے، جانچ پڑتال کا عمل مکمل کروایا اور پھر ہائیکورٹ سے اسٹے لینے گئے۔ جب وہاں ناکام ہوئے تو بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کا بائیکاٹ دراصل اپنے ہی اراکین پر عدم اعتماد ہے، کیونکہ ان کے دس سے بارہ اراکین نے مجھ سے رابطہ کیا اور ووٹ دینے کی خواہش ظاہر کی تھی، تاہم میں نے انہیں اپنے امیدوار کو ووٹ دینے کا کہا۔انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ وزیرِاعظم کی ٹیم ہوتی ہے اور ہر وزیر اپنی ذمہ داری خوش اسلوبی سے ادا کر رہا ہے۔ میں نے پہلے بھی اپنی ذمہ داری دیانت داری سے ادا کی ہے اور آئندہ بھی جو ذمہ داری شہباز شریف دیں گے، اسے بہترین انداز میں نبھاؤں گا۔

Comments are closed.