میجر عدنان کی شہادت پاک فوج کی ایک اور عظیم قربانی ہے ، خواجہ آصف

 اسلام آباد (آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ میجر عدنان وطن کی دفاع کے دوران شہید ہوگئے جو کہ پاک فوج کی ایک اور عظیم قربانی ہے‘کچھ افغان دہشت گرد پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہیں، جو تاریخ کی سب سے بڑی محسن کشی ہے ۔سوشل میڈیا ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ میجر عدنان کی والدہ نے جذباتی انداز میں کہا، میرے 10 بیٹے ہوتے تو وہ بھی پاکستان کی ناموس کی قربانی دیتے۔میجر عدنان برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈھرسٹ کے گریجویٹ تھے اور ان کی قربانی نے قوم کو ایک نئی حوصلہ افزائی فراہم کی ہے۔

شہید کی والدہ، بہنیں اور بیوی غم میں ڈوبے ہوئے تھے، مگر والد نے اپنے بیٹے کی قربانی پر فخر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مضبوط ہیں اور ان کا بیٹا ان کا فخر ہے۔ خواجہ آصف نے اس بات پر زور دیا کہ میجر عدنان جیسے سپاہیوں کا نصب العین صرف وطن سے محبت اور شہادت تھا، نہ کہ اقتدار، دولت یا شہرت۔ انہوں نے کہا پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف طویل جنگیں لڑیں، جن میں پانچ دہشت گردوں کو مارا گیا جن میں تین افغانی اور دو ٹی ٹی پی کے دہشت گرد شامل تھے۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ہم نے افغانستان کے عوام کو پناہ دی، لیکن ان ہی لوگوں میں سے کچھ دہشت گرد پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہیں، جو تاریخ کی سب سے بڑی محسن کشی ہے۔ خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان نے اس قربانی کے بدلے بھارت پر فتح حاصل کی ہے، اور اللہ کی پناہ میں، ان جیسے سپاہیوں کی قربانی سے ہی پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔

Comments are closed.