اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بحرین کے وزیرِ داخلہ جنرل راشد بن عبداللہ آل خلیفہ نے وزیراعظم ہاوٴس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے مہمان وزیرِ داخلہ کو خوش آمدید کہا اور بحرین کے شاہ عزت مآب حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے بتایا کہ بحرین میں ایک لاکھ 20 ہزار پاکستانی مقیم ہیں جو دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بحرینی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے لیے تیز تر ویزہ پراسیسنگ کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے بحرین کے پولیس اہلکاروں کو اسلام آباد کی نیشنل پولیس اکیڈمی میں تربیت دینے کی پیشکش بھی کی۔بحرین کے وزیرِ داخلہ جنرل راشد بن عبداللہ آل خلیفہ نے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
Comments are closed.