پی ٹی آئی کا پاکستان، سعودی عرب دفاعی معاہدے کا خیرمقدم

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوے اسے دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تاریخی، اسٹریٹجک اور روحانی تعلقات کا عملی مظہر قرار دیا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ہم ریاض میں ہونے والے اس معاہدے کو پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی تاریخی گہرائی اور وسعت کی تصدیق سمجھتے ہیں، جن کی بنیاد اسلامی بھائی چارے، مشترکہ مفادات اور دیرینہ باہمی تعاون پر ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ دفاع اور سلامتی کے شعبے میں یہ مضبوط شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک کی دوطرفہ سلامتی کو تقویت دے گی بلکہ علاقائی استحکام اور امن میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔

ترجمان نے بانی تحریک انصاف عمران خان کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ پاکستان کو مسلم دنیا کو جوڑنے والا ایک مرکز تصور کیا ہے، جو بین الاقوامی سطح پر اتحاد، تعاون اور امن کے فروغ کا ذریعہ بنے۔ ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ بڑھی ہوئی شراکت داری کو پی ٹی آئی عظیم تر مسلم اتحاد اور اجتماعی سلامتی کی جانب ایک سنگِ میل قرار دیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہر پاکستانی کے لیے حرمین الشریفین کا تقدس اور تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون اس جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔پی ٹی آئی ترجمان نے زور دیا کہ پارٹی پاکستان کے عوام کو اس معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ دیکھنے کی منتظر ہے تاکہ شفافیت، قومی شعور اور عوامی اعتماد کو فروغ دیا جا سکے۔ ترجمان نے کہا پی ٹی آئی، مملکت سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اظہار کرتی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعاون نہ صرف ہماری قوموں بلکہ پورے خطے اور دنیا کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا پیغام بنے گا۔

Comments are closed.