تیراہ واقعہ، بھارت نواز فتنہ الخوارج کا مکروہ چہرہ بے نقاب، شہری آبادی کو ڈھال بنا کر تباہی کا کھیل جاری
اسلام آباد،برلن،واشنگٹن (آن لائن) خیبر پختونخوا کے علاقے تیراہ میں حالیہ دھماکے نے بھارت نواز دہشتگرد گروہ فتنہ الخوارج کی اصل حقیقت ایک بار پھر دنیا کے سامنے آشکار کر دی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس نے اس واقعے کی تفصیلات اور اس کے پس پردہ حقائق کو شواہد کے ساتھ بیان کیا ہے، جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ دہشتگرد گروہ شہری آبادی کو ڈھال بنا کر خطرناک عزائم کی تکمیل میں مصروف تھا۔عالمی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، تیراہ میں ایک کمپاوٴنڈ میں ہونے والے زور دار دھماکے میں فتنہ الخوارج کے 14 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ رپورٹ میں افسوسناک انکشاف کیا گیا کہ دھماکے میں 10 معصوم شہری بھی جاں بحق ہو گئے، جنہیں دہشتگردوں نے اپنی بارودی فیکٹری کی حفاظت کے لیے انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔
واشنگٹن پوسٹ اور ڈی ڈبلیو جیسی معتبر بین الاقوامی نشریاتی اداروں نے تصدیق کی ہے کہ یہ کمپاوٴنڈ طالبان کمانڈر امان گل اور مسعود خان کی زیر نگرانی بارودی مواد اور خودکش جیکٹس تیار کرنے کا مرکز تھا۔ ذرائع کے مطابق، یہ کمپاوٴنڈ دہشتگردوں کی ایک فعال بم فیکٹری کے طور پر استعمال ہو رہا تھا۔ ڈی ڈبلیو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فتنہ الخوارج ماضی میں بھی اسی طرز پر مساجد، گھروں اور عوامی مقامات کو دہشتگردی کے لیے استعمال کرتا رہا ہے، تاکہ معصوم شہریوں کو اپنی شیلڈ بنا کر سکیورٹی فورسز کو بدنام کیا جا سکے۔ادھر واقعے کے فوراً بعد بھارتی میڈیا اور اس کے زیر اثر سوشل میڈیا اکاوٴنٹس نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا مہم کا آغاز کر دیا۔ پاکستان مخالف نیٹ ورکس، خاص طور پر کالعدم پی ٹی ایم، نے ایک بار پھر بغیر تصدیق جھوٹ پر مبنی بیانیہ پیش کر کے اپنی پرانی روش کا اعادہ کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگرد گروہ کو فوجی آپریشنز کے ذریعے پہاڑوں میں قائم ٹھکانوں سے نکال باہر کیا گیا تھا،
جس کے بعد انہوں نے شہروں اور دیہی علاقوں کا رخ کر لیا، جہاں وہ مقامی آبادی کو بطور انسانی ڈھال استعمال کر کے اپنے مذموم عزائم کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق، یہ دھماکہ اور اس کے بعد کی اطلاعات فتنہ الخوارج کی ظالمانہ سوچ اور بھارتی پراکسی کے طور پر ان کے کردار کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔پاکستانی عوام، افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں اور قومی سلامتی کے تحفظ کی جدوجہد میں متحد ہیں۔ شہریوں کی بصیرت اور آگاہی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے جھوٹے بیانیے کو مسترد کر چکے ہیں۔ پاکستان ہر قیمت پر اپنے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور ریاست دہشتگردی کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
Comments are closed.