او آئی سی کمیٹی آف سکس اجلاس ،پاکستان کا فلسطینی عوام کے ساتھ غیر متزلزل عزم کا اعادہ

اسلام آباد(آن لائن) فلسطین پر او آئی سی کمیٹی آف سکس کا اجلاس پاکستان کی فعال شرکت کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں نائب وزیرِ اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ فلسطینی کاز او آئی سی کے مقاصد کا بنیادی حصہ ہے اور پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پر ظلم و ستم اور ان کے حقوق کی پامالی کو روکنے کے لیے عالمی سطح پر کارروائی ضروری ہے۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ غزہ میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور وہاں کی آبادی تباہ کن صورتحال سے دوچار ہے۔ فلسطینی عوام کی حالتِ زار عالمی برادری کے لیے ایک چیلنج ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے اجلاس کے دوران عالمی عدالتِ انصاف کی جانب سے اسرائیلی فوجی مہم کو ”نسل کشی کے امکانات پر مبنی مقدمہ“ قرار دینے کا ذکر کیا، جس نے عالمی سطح پر اس مسئلے کی سنجیدگی کو اجاگر کیا۔وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی فوجی مہم بین الاقوامی قوانین اور آئی سی جے کے احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ فلسطینی عوام پر اجتماعی سزا، اندھا دھند بمباری اور بھوک مسلط کی جا رہی ہے، جس کی عالمی سطح پر مذمت کی جانی چاہیے۔وزیر خارجہ نے مغربی کنارے اور مشرقی القدس میں آباد کاروں کے تشدد اور جارحیت میں اضافے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا، اور اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی برادری کو اس پر فوری طور پر کارروائی کرنی چاہیے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ یہ مشرقِ وسطیٰ اور مسلم دنیا کے لیے ایک فیصلہ کن لمحہ ہے اور او آئی سی کو فوری طور پر مستقل جنگ بندی اور بلا رکاوٹ امداد کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔پاکستان نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی بستیوں اور الحاق کا خاتمہ کیا جائے اور فلسطینی زمینوں کو واپس کیا جائے۔ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے جنگی جرائم پر احتساب کی ضرورت اور عالمی حفاظتی نظام قائم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ یو این آر ڈبلیو اے کی امداد کو بحال کیا جائے اور غزہ کی تعمیر نو کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ فلسطینی عوام کی حالت بہتر ہو سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کو یقینی بنایا جائے اور 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ القدس شریف فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔وزیرِ خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ او آئی سی کمیٹی آف سکس کی تشکیل 1982ء میں ہوئی تھی اور یہ کمیٹی فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت اور ان کے لیے عالمی سطح پر آواز اٹھانے کا اہم فورم ہے

Comments are closed.