اسلام آباد(آن لائن)صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آگاہی، بروقت معائنہ اور علاج، چھاتی کے سرطان کے خلاف مضبوط ہتھیار ہیں‘اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو باقاعدہ خود معائنہ اور اسکریننگ کی ترغیب دیں۔ بین الاقوامی یومِ آگاہی برائے چھاتی کا سرطانپر قوم کے نام پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ 19اکتوبر، عالمی یومِ آگاہی برائے چھاتی کا سرطان منایا جا رہا ہے۔پاکستان چھاتی کے سرطان کے خلاف عالمی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ چھاتی کا سرطان خواتین میں سب سے عام سرطان ہے، بروقت تشخیص سے 90٪ تک علاج ممکن ہے۔ حکومتِ پاکستان مفت میموگرافی اور تشخیصی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزارتِ صحت کی سرپرستی میں ملک بھر میں بریسٹ کینسر کلینکس قائم کیے جا رہے ہیں۔
لیڈی ہیلتھ ورکرز کو چھاتی کے سرطان کی ابتدائی علامات پہچاننے کی تربیت دی جا رہی ہے۔ٹیلی میڈیسن کے ذریعے دور دراز علاقوں کی خواتین کو علاج اور مشاورت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی، بروقت معائنہ اور علاج، چھاتی کے سرطان کے خلاف مضبوط ہتھیار ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو باقاعدہ خود معائنہ اور اسکریننگ کی ترغیب دیں۔ چھاتی کا سرطان قابلِ علاج ہے، خاموشی توڑیں، آگاہی بڑھائیں۔ حکومتِ پاکستان قومی کینسر رجسٹری اور کنٹرول پروگرام پر کام کر رہی ہے۔
بروقت تشخیص جانیں بچا سکتی ہے، خاندان محفوظ رہ سکتے ہیں۔ آج کا دن چھاتی کے سرطان سے بچاؤ کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔آگاہی بڑھائیں، جانیں بچائیں چھاتی کے سرطان کو شکست دیں۔اللہ تعالیٰ ہمارے اقدامات میں برکت دے اور مریضوں کو شفا عطا فرمائے۔
Comments are closed.