دفتر خارجہ میں نیا ترجمان تعینات ، طاہر اندرابی نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

اسلام آباد (آن لائن) وزارتِ خارجہ میں اہم تقرری عمل میں آ گئی، طاہر اندرابی نے باضابطہ طور پر دفترِ خارجہ کے نئے ترجمان کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ ذرائع کے مطا بق شفقت علی خان کی جگہ طاہر اندرابی نے ترجمان دفتر خارجہ کا منصب سنبھالا ہے، جو آئندہ ہفتے متحدہ عرب امارات میں بطور سفیر اپنی نئی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔سفارتی ذرائع کے مطابق طاہر اندرابی نے عہدے کا چارج لینے کے بعد دفتر خارجہ میں 55ویں پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکاء کو خوش آمدید بھی کہا۔

ترجمان نے کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی خارجہ پالیسی، علاقائی تناظر اور عالمی امور پر روشنی ڈالی۔ذرائع کے مطابق سابق ترجمان شفقت علی خان آئندہ ہفتے سعودی عرب روانہ ہوں گے جہاں وہ عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے، جس کے بعد وہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے چارج سنبھالیں گے۔دفتر خارجہ میں اس اعلیٰ سطحی تبدیلی کو وزارتِ خارجہ کے اندر ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو ممکنہ طور پر پاکستان کی خارجہ پالیسی میں تازہ لہجہ اور نئی سفارتی جہتوں کو جنم دے سکتی ہے۔

Comments are closed.