اسلام آباد (آن لائن)ُپختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بنانے کے معاملے پر پیش رفت سامنے آ گئی ہے‘بیرون ملک موجود سپیکرقومی اسمبلی کو محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے بارے میں دی گئی درخواست سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور ذرائع کے مطابق اسپیکر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ہدایت دی ہے کہ درخواست کے ساتھ منسلک تمام 74 اراکینِ اسمبلی کے دستخطوں کی تصدیق کی جائے۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اس حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر اس وقت پارلیمانی وفد کے ہمراہ بیرونِ ملک موجود ہیں، تاہم معاملے پر کارروائی جاری ہے۔ ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق اپوزیشن لیڈر کا تقرر قومی اسمبلی کے قاعدہ 39 کے تحت کیا جائے گا، جس کے مطابق وہ رکن اسمبلی اپوزیشن لیڈر مقرر کیا جائے گا جسے ایوان میں اپوزیشن کی اکثریت کی حمایت حاصل ہو۔اسپیکر قومی اسمبلی کسی مخصوص مدت یا ٹائم فریم کے پابند نہیں ہیں اور وہ جب چاہیں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا اعلان کر سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ہدایت دی ہے کہ درخواست کے ساتھ منسلک تمام 74 اراکینِ اسمبلی کے دستخطوں کی تصدیق کی جائے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری نہ صرف پارلیمانی کارروائی بلکہ اہم آئینی و انتظامی تقرریوں کے تناظر میں بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے، اور یہ عہدہ حکومت و اپوزیشن کے درمیان توازن قائم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
Comments are closed.