اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کیش لیس معیشت کے حوالے سے جاری اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات کا ملکی معیشت کی پائیدار ترقی میں کلیدی کردار ہوگا۔ پوری دنیا ڈیجیٹل معیشت کی جانب تیزی سے گامزن ہے، پاکستان کو بھی دنیا کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہوگا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت آج ہونے والے اجلاس میں کیش لیس معیشت کے اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس میں وفاقی وزراء ، گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ روز اول سے پاکستان کو ڈیجیٹل نیشن بنانے کے لیے اقدامات کو ترجیح دی گئی، اور اب ان کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں پہلی مرتبہ مستحقین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے بھیجی گئیں، جو ایک سنگ میل ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ کیش لیس معیشت کے ذریعے گورننس کی بہتری اور کرپشن میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔اجلاس میں وزیراعظم کو کیش لیس معیشت کے ویڑن کے تحت مختلف اقدامات کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔
ان اقدامات میں بجلی اور گیس کے بلز کی QR کوڈز کے ذریعے ادائیگی، موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے سرکاری سروسز کی ادائیگی، اور نئے کاروبار کے لیے ڈیجیٹل لائسنس کا اجرا شامل ہیں۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے ہدایت دی کہ مالی شمولیت کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائے تاکہ اگلے برس تک 68 فیصد سے زیادہ آبادی کو فنانشل انکلوڑن حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کیش لیس معیشت کے اہداف کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
Comments are closed.