راولپنڈی ( آن لائن) آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے کہا ہیکہ ملٹری کالج جہلم نظم و ضبط، قیادت اور حب الوطنی کی تربیت کا ایک معتبر ادارہ ہے جس نے مسلح افواج اور ملک کے لیے نامور سپوت پیدا کیے۔ 45ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن سنٹرل میٹ کی اختتامی تقریب جہلم میں منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ مقابلے یکم اکتوبر سے 10 نومبر تک آرمی مارک مین شپ یونٹ جہلم میں جاری رہے
، جن میں دو ہزار سے زائد شرکاء نے مختلف فورسز اور صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے حصہ لیا۔شرکاء نے نشانہ بازی میں اپنی بہترین مہارت، نظم و ضبط اور اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کا شاندار مظاہرہ کیا۔ مقابلوں میں پاکستان آرمی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تیسری انٹر سروسز کومبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ 2025 جیت لی اور تمام چاروں انٹر سروسز میچز میں کامیابی حاصل کی۔پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ گروپ۔I کا اعزاز اپنے نام کیا، جبکہ سپاہی محمد عرفان (پنجاب رجمنٹ) کو “ماسٹر ایٹ آرمز” قرار دیا گیا۔ نائب صوبیدار عمر فاروق (آرمی مارک مین شپ یونٹ) نے آرمی ہنڈریڈ رائفل میچ ٹرافی” جیت لی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء کی نشانہ بازی کی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نشانہ بازی میں مہارت، عسکری تربیت کا بنیادی مقصد رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلے افواجِ پاکستان کے پیشہ ورانہ معیار، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
آٓرمی چیف نے جہلم میں اپنے قیام کے دوران ملٹری کالج جہلم کی سو سالہ تقریبات میں بھی بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ‘سینٹینری یادگار” اور ‘کالج میوزیم” کا افتتاح کیا اور ادارے کی ایک صدی پر محیط خدمات، روایات اور قومی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ ملٹری کالج جہلم نظم و ضبط، قیادت اور حب الوطنی کی تربیت کا ایک معتبر ادارہ ہے جس نے مسلح افواج اور ملک کے لیے نامور سپوت پیدا کیے۔ انہوں نے عالمگیریوں کے کردار کو سراہا اور انہیں پاکستان کی ترقی و دفاع میں شراکت جاری رکھنے کی تلقین کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور وطنِ عزیز کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جہلم آمد پر آرمی چیف کا استقبال کور کمانڈر راولپنڈی اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے کیا۔
Comments are closed.