پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی یورپی یونین انڈو پیسیفک فورم کے موقع پر متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں
برسلز (آن لائن)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چوتھے یورپی یونین انڈو پیسیفک وزارتی فورم کے دوران مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں، جس میں پاکستان کی عالمی سطح پر سفارتی حکمت عملی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقاتوں میں جمہوریہ سلووینیا، ڈنمارک، قبرص اور ہالینڈ کے وزرائے خارجہ شامل تھے، جن میں پاکستان اور ان ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
سلووینیا کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں پاکستان اور جمہوریہ سلووینیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور یورپی یونین کے وسیع تر فریم ورک میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر اسحاق ڈار اور سلووینیا کی نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ تنجا فاجون نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھانے کا عہد کیا۔ اس ملاقات کے دوران پاکستان اور سلووینیا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت سے متعلق ایک مفاہمت نامے پر بھی دستخط کیے گئے۔اس موقع پر پاکستان اور ڈنمارک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی ہوئی، جس میں دوطرفہ معاشی و تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور گرین انرجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ میں قریبی رابطے رکھنے پر اتفاق کیا، تاکہ عالمی سطح پر مشترکہ چیلنجز کا حل تلاش کیا جا سکے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قبرص کے وزیر خارجہ کونستانتینوس کومبوس سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے قریبی رابطے اور تعاون کے مزید فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ہالینڈ کے وزیر خارجہ ڈیود فان ویل سے ملاقات بھی فورم کی سائیڈ لائنز پر ہوئی۔ دونوں رہنماوٴں نے پاک-ڈچ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید امکانات پر بات کی۔ ملاقاتوں میں پاکستان کے سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے لیے پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی بھی موجود تھے۔
Comments are closed.