قومی شرٹ پہن کر صرف جیت کا سوچتے ہیں، کپتان زمبابوین ٹیم

راولپنڈی(آن لائن) زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان سکندر رضا نے کہا ہے کہ قومی جرسی پہن کر صرف جیت کا ہی سوچتے ہیں،ذاتی اسٹیٹس سے زیادہ زمبابوے کی جیت اہم ہے، پاکستان کیخلاف ہمارے پاس واضح پلان ہے۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے سکندر رضا کا کہنا تھا کہ زمبابوے نے رواں سال 10 ٹیسٹ میچز سمیت کافی کرکٹ کھیلی، جو ٹیم کی بہتری کے لیے نہایت اہم ہے۔ اگرچہ ٹیم نے اس سال زیادہ میچز ہارے، لیکن مختلف ٹیموں کو سخت مقابلہ بھی دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ محنت کا نتیجہ ہے کہ زمبابوے نے ٹرائی سیریز میں سری لنکا کے خلاف اہم جیت حاصل کی۔

اس فارمیٹ میں اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کی اہمیت زیادہ ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے نزدیک بیٹنگ اوسط سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ اہم ہے، کیونکہ کم گیندوں پر زیادہ رنز بنانا ٹیم کے لیے زیادہ فائدہ مند ہے۔ ہر بیٹنگ پوزیشن کا ایک مخصوص کردار ہوتا ہے اور تیز کھیلنے کی ذمہ داری صرف اوپنرز کی نہیں ہوتی۔پاکستان کے خلاف میچ سے متعلق سوال پر سکندر رضا نے کہا کہ ٹیم کے پاس واضح پلان ہے۔ پاکستان میں موسم کرکٹ پر بڑا اثر ڈالتا ہے۔

"پی ایس ایل پہلے فروری اور پھر مئی میں ہوا، لیکن سردیوں میں زیادہ تر شہروں میں کرکٹ کھیلنا مشکل ہوتا ہے۔ دھوپ کم نکلتی ہے اور ڈیو سے کھیل متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے گراوٴنڈ اسٹاف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موسم سرما جیسی مشکل صورتحال کے باوجود راولپنڈی کے گراوٴنڈزمین نے بہترین پچ اور گراوٴنڈ تیار کیا۔سکندر رضا نے کہا کہ ان کے لیے ذاتی اسٹیٹس سے زیادہ زمبابوے کی جیت اہم ہے۔ ہم چھوٹی چھوٹی کامیابیوں سے خوش ہوتے ہیں۔ اپنے 300ویں انٹرنیشنل میچ میں ٹیم کو جیت دلانا میرے لیے بہت خاص ہے۔

Comments are closed.