پاک برطانیہ تعلقات مشترکہ اقدار اور احساسات کی بنیاد پر قائم ہیں، انوار الحق کاکڑ

لندن(آن لائن )نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات مشترکہ اقدار اور احساسات کی بنیاد پر قائم ہیں، قوم جمہوری نظریات جامع، آزاد اور شفاف انتخابات کیلئے پرعزم ہے ۔تفصیل کے مطابق نگراں وزیراعظم نے لندن میں لارڈ ضمیر چوہدری کی جانب سے ہاوٴس آف لارڈز میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی تقریب میں مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے برطانوی پارلیمنٹیرینز کی ایک بڑی تعداد اور پاکستانی کمیونٹی کے نمایاں اراکین کے منتخب گروپ نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر کیا اور پاکستان و برطانیہ کے مابین مشترکہ اقدار اور خواہشات پر مبنی پائیدار تعلقات پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر متحرک برطانوی پاکستانیوں کی تعریف کی۔وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے شرکاء کو یقین دلایا کہ پاکستان ملک کی سٹریٹجک اہمیت اور نوجوانوں پر مشتمل آبادی کے پیش نظر معاشی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے پختہ عزم رکھتا ہے ۔ انہوں نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سپیشل انوسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (SIFC) کو اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے ایک قابل قدر پلیٹ فارم سمجھیں

۔پاکستان کے جمہوری عمل کے بارے میں، وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے ایک جامع، آزاد اور شفاف انتخابی عمل کی اہمیت پر زور د یا اور کہا کہ پاکستانی قومی جمہوری نظریات کے لیے پرعزم ہے ۔استقبالیہ کا اختتام سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ ہوا، جس کے دوران وزیراعظم نے برطانوی پارلیمنٹیرینز کے سوالات کے بصیرت کے ساتھ جوابات دیئے۔ اس تقریب نے مشترکہ مفادات کے مسائل پر تعمیری مکالمے کا بہترین موقع فراہم کیا۔

Comments are closed.