صنعتی مصنوعات کی پیداواری لاگت کم، برآمدات پر مبنی دیرپا معاشی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے ، شہباز شریف
اسلام آباد ( آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ قومی ٹیرف پالیسی ملکی صنعتی پیداوار کو فروغ دینے اور مقامی و عالمی منڈیوں میں مسابقت بڑھانے کے لیے ایک انقلابی قدم ہے۔ صنعتی مصنوعات کی پیداواری لاگت کم کرنے، برآمدات پر مبنی دیرپا معاشی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافہ یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات وقت کا تقاضا ہے ۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ملکی درآمدات، کسٹم ڈیوٹی اور تجارتی شعبے میں اصلاحات پر قائم ذیلی ورکنگ گروپ کی سفارشات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ملکی صنعتی پیداوار کو بڑھانے اور کاروباری و سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید سازگار بنانے کے لیے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ذیلی ورکنگ گروپ نے برآمدات اور درآمدات کے شعبے میں درپیش مسائل اور تجاویز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ قومی ٹیرف پالیسی ملکی صنعتی پیداوار کو فروغ دینے اور مقامی و عالمی منڈیوں میں مسابقت بڑھانے کے لیے ایک انقلابی قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی مصنوعات کی پیداواری لاگت کم کرنے، برآمدات پر مبنی دیرپا معاشی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافہ یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزراء برائے خزانہ، اطلاعات و نشریات، موسمیاتی تبدیلی، پاور، اکنامک افیئرز اور پٹرولیم کے علاوہ وزیر مملکت برائے خزانہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی، چیئرمین ایس ائی ایف سی، صنعتی و کاروباری نمائندگان اور دیگر متعلقہ حکومتی اہلکار شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے دوطرفہ اور راہداری تجارتی مصنوعات کی کسٹم ڈیوٹی کی وصولی کی کڑی نگرانی پر بھی زور دیا۔
Comments are closed.