خیبرپختونخوا میں خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز کے دو آپریشنز ، 9 عسکریت پسند ہلاک، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد

پشاور (آن لائن)خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر دو علیحدہ آ پریشنز کرتے ہوئے 9 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائیاں ٹانک اور لکی مروت میں کی گئیں، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق ٹانک میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران علاقے کو گھیرے میں لیا تو شدت پسندوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں 7 خوارجی مارے گئے۔

فورسز نے علاقے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔لکی مروت میں کی جانے والی دوسری کارروائی میں فورسز نے ٹھکانے میں موجود 2 شدت پسندوں کو جہنم واصل کیا ۔ برآمد شدہ اسلحہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ عناصر بیرونی سرپرستی میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک افراد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں پر مختلف حملوں میں ملوث تھے۔ کارروائیوں کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں آپریشنز مسلسل جاری رہیں گے، تاکہ امن و استحکام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

Comments are closed.