آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی قسط موصول ہو گئی

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے 1.2 ارب ڈالر کی قسط موصول ہو گئی ۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنے جاری اعلامیہ میں کہا ہے کہ اسے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے تقریباً 1.2 ارب ڈالر موصول ہوگئے ہیں، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی اور ادائیگیوں کے توازن پر مثبت اثر متوقع ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 8 دسمبر 2025ء کو ہونے والے اجلاس میں توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے دوسرے جائزے کی تکمیل کی منظوری دیتے ہوئے پاکستان کے لیے 760 ملین ایس ڈی آر جاری کیے۔ اس کے ساتھ ساتھ بورڈ نے ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (آر ایس ایف) کے تحت 154 ملین ایس ڈی آر کی پہلی قسط بھی فراہم کرنے کی منظوری دی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ای ایف ایف اور آر ایس ایف کے تحت مجموعی طور پر 914 ملین ایس ڈی آر (تقریباً 1.2 ارب ڈالر) اسٹیٹ بینک کو موصول ہوئے۔ یہ رقم 12 دسمبر 2025ء کو ختم ہونے والے ہفتے میں اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں شامل کردی جائے گی۔اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ یہ معاونت معاشی استحکام کے اقدامات میں مزید تقویت فراہم کرے گی۔

Comments are closed.