بجلی کے نظام کی نجکاری کے ذریعے مسابقت پر مبنی مارکیٹ کا قیام ہی ملک کے توانائی مسائل کا پائیدار حل ہے، شہباز شریف
اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے نظام کی نجکاری کے ذریعے مسابقت پر مبنی مارکیٹ کا قیام ہی ملک کے توانائی مسائل کا پائیدار حل ہے۔ بجلی کی ترسیل اور پیداوار سے وابستہ اداروں کی نجکاری اور نظام کی بہتری کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے پیشرفت یقینی بنائی جائے۔وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہیں پاور سیکٹر روڈمیپ، نجکاری کے عمل اور دیگر اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) اور جنریشن کمپنیوں (جینکوز) کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شفاف اور مسابقتی نظام کے ذریعے ہی صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے
۔اجلاس میں بتایا گیا کہ تین ڈسٹری بیوشن کمپنیوں، آئیسکو، فیسکو اور گیپکو، کی نجکاری کے لیے اقدامات جاری ہیں اور ان کے لیے ایکسپریشن آف انٹرسٹ جلد جاری کیے جائیں گے۔ بریفنگ میں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 500 کے وی غازی بروتھافیصل آباد ٹرانسمیشن لائن کا پی سی ون منظوری کے مراحل میں ہے۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ درآمدی کوئلے پر چلنے والے پاور پلانٹس کو تھر کول پر منتقل کرنے کے لیے تکنیکی فزیبیلیٹی مکمل ہو چکی ہے، جبکہ تھر کول کی پلانٹس تک منتقلی کے لیے ریلوے لائن پر بھی کام جاری ہے۔ اجلاس میں مسابقت پر مبنی بجلی کی مارکیٹ کو آپریشنل بنانے کی پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ مسلسل کوششوں کے نتیجے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں لائن لاسز میں کمی آئی ہے۔
وزیراعظم نے بجلی کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کے منصوبے پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجی شعبے کی شمولیت سے کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کی کانسیپٹ کلیئرنس پروپوزل کی منظوری ہو چکی ہے اور فزیبیلیٹی اسٹڈی جاری ہے۔اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، سردار اویس احمد لغاری، مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
Comments are closed.