وزیراعظم شہبازشریف کا ٹیلی فونک رابطہ، ایرانی صدر نے مذاکرات میں شرکت کی تصدیق کردی

0

اسلام آباد(آن لائن)ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے امریکہ سے جنگ بندی کیلئے پاکستانی قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اورتصدیق کی ہے کہ ایران اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کرے گا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ایرانی صدر اور وزیراعظم شہبازشریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے بدھ کی دوپہر ٹیلیفونک گفتگو کی ۔

تقریباً پینتالیس منٹ سے زائد جاری رہنے والی اس خوشگوار اور دوستانہ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایرانی قیادت کی دانشمندی اور دور اندیشی کو سراہا، جنہوں نے جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی، اور وزیراعظم کی جانب سے ایران اور امریکہ کے درمیان رواں ہفتے اسلام آباد میں مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش قبول کی۔اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے بھی اپنے تعظیم کا اظہار کیا۔صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ایران اور امریکہ کے درمیان عارضی جنگ بندی کے قیام میں پاکستانی قیادت کی کوششوں کو سراہا۔ انھوں نے پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ایران اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کرے گا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.