فیض آباد دھرنا :شاہدخاقان عباسی کا سپریم کورٹ میں پیش ہونے بارے آئینی قانونی ماہرین سے مشاورت کافیصلہ
اسلام آباد(آن لائن )مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء شاہدخاقان عباسی کافیض آباددھرنانظرثانی کیس میں سپریم کورٹ میں پیش ہونے بارے آئینی قانونی ماہرین سے مشاورت کافیصلہ کیاہے۔رواں ہفتے وہ مختلف وکلاء سے مشاورت کریں گے ذرائع نے بتایاہے کہ سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی بہت سی اہم معلومات سپریم کورٹ تک پہنچاناچاہتے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ انھیں عدالت طلب کرے یاوہ خود پیش ہوجائیں اس بارے میں وہ آئینی قانونی ماہرین سے مشاورت کرناچاہتے ہیں اس کے لیے انھوں نے بعض قانونی ماہرین سے رابطہ کرنے کابھی فیصلہ کیاہے رواں ہفتے وہ اس بارے سنجیدگی سے مشاورت کاعمل کریں گے اور اس کے بعدسپریم کورٹ جانے یانہ جانے کافیصلہ کیاجاسکے گا۔
ذرائع کاکہناہے کہ شاہدخاقان عباسی اس بات پر بھی آئینی وقانونی ماہرین سے رائے لیں گے آیاکہ سپریم کورٹ میں فریق بننے اور تحریری جواب سپریم کورٹ پیش کیاجائے اور اس دوران حلف نامہ بھی جمع کرایاجاسکتاہے۔ذرائع نے مزیدبتایاکہ شاہدخاقان عباسی نے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیاہے تاہم وہ اس بارے بہت سنجیدہ ہیں کہ اگرانھیں عدالت نے بلایاتووہ ضرور پیش ہوں گے۔واضح رہے کہ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شاہدخاقان عباسی نے فیض آباد دھرنے بارے کئی حقائق سے پردہ اٹھایاہے۔اس پروگرام میں انھوں نے کہاہے کہ کسی ایک شخص یا افسر کے خلاف کارروائی نہیں کی جاسکتی بلکہ فیض آباد دھرنے کے تمام معاملے کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے معاملے کی مکمل تحقیقات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پورے معاملے کا جائزہ لینا پڑے گا، کس کی ذمہ داری تھی؟
کس نے وہ کیا جو نہیں ہونا چاہیے تھا اور کس نے وہ کیا جو ہونا چاہیے تھا؟۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ فیض آباد دھرنے کے بعد پی ٹی آئی نے کم از کم تین سال حکومت کی جبکہ مسلم لیگ(ن) نے تقریباً 16 ماہ حکومت کی لیکن دونوں میں سے کسی نے بھی اس معاملے کی تحقیقات نہیں کیں۔انہوں نے کہا کہ اب ہماری نگران حکومت ہے، تو وہ بھی اس کی تحقیقات کر سکتے ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فیض آباد دھرنا کے وقت احسن اقبال اور مریم اورنگزیب وزیر تھے، احسن اقبال وزیر داخلہ اور مریم اورنگزیب وزیر اطلاعات تھیں، ہم اپنے آپ کو کسی بھی تفتیشی ادارے کے سامنے پیش کرنے کے لیے تیار ہیں، ہم آئیں گے اور جو کچھ ہمیں یاد ہوگا وہ سب حقائق بتائیں گے۔
Comments are closed.