نگران بلوچستان حکومت کا مستونگ دھماکے میں ہر شہید کے لواحقین کیلئے 15 لاکھ روپے امداد کا اعلان

کوئٹہ ( آن لائن ) صوبہ بلوچستان کے علاقہ مستونگ میں دھماکے میں ہر شہید کے لواحقین کیلئے 15 لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا گیا۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے مستونگ میں دھماکے میں ہر شہید کے لواحقین کیلئے 15 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، شدید زخمی کو 5 لاکھ روپے اور معمولی زخمی کو 2 لاکھ روپے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مستونگ واقعے پر تحقیقات جاری ہیں مگر شیئر نہیں کی جاسکتیں، مستونگ واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے کا تہیہ کیا ہے، اب ہم یہ انتظار نہیں کریں گے کہ دہشت گرد آکر حملہ کریں، اب ہم دہشت گردوں کے پیچھے جائیں گے، پاکستان کی عوام اور فورسز کے تعاون سے دہشتگردی کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، بلوچستان کا مستقبل روشن و خوشحال دیکھ رہا ہوں۔ نگراں صوبائی وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف ایک ایک انچ پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرنا پڑا تو کیا جائے گا، بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے، سیکیورٹی پلان از سرِ نو ترتیب دیا جا رہا ہے، جتنا ہو سکے گا شہداء کے خاندانوں کی مالی مدد کریں گے۔

Comments are closed.