وزیراعظم نے نجم سیٹھی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کے لیے نامزد کر دیا

اسلام آباد (آن لائن ) چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ، کرکٹ بورڈ کے امور پر بات چیت ،ایشیا کپ ، ورلڈ کپ کے وحوالے سے مشاورت، پی سی بی 2014 کے آئین بحالی سے متعلق بریفنگ دی۔

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کے لیے نامزد کر دیا۔ وزیراعظم نے نجم سیٹھی کو جلد پی سی بی چیئرمین کے الیکشنز مکمل کرنے کی ہدایت بھی کردی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد 2 نام پی سی بی گورنرز بورڈ میں بھجوائیں گے جس میں دوسرا نام مصطفیٰ رمدے کا ہونے کا امکان ہے۔

اس موقع پر نجم سیٹھی نے وزیراعظم کو ایشیا کپ اور بھارت میں ورلڈ کپ سے متعلق بریفنگ دی اور ایشیا کپ اور ورلڈ کپ سے متعلق شہباز شریف سے رائے مانگ لی ہے۔بریفنگ میں نجم سیٹھی نے بتایا کہ پی سی بی کا 2014 کا آئین مکمل بحال ہوچکا ہے، 90 فیصد سے زیادہ اضلاع میں پی سی بی ڈسٹرکٹس کا الیکشن مکمل ہوگیا ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ریجنز کے 80 فیصد الیکشن مکمل ہوچکے ہیں، ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ 15 جون سے شروع ہو رہا ہے، ایک سالہ کرکٹ کیلنڈر مکمل کر لیا گیا ہے جس کا جلد اعلان ہوگا۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ تمام ڈپارٹمنٹس نے اپنی کرکٹ ٹیمیں بنانا شروع کردی ہیں، پی سی بی کے آئین بحالی پر وزیراعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو مبارکباد بھی دی۔

Comments are closed.