نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کو چیئرمین نادرا مقرر کردیا

اسلام آباد(آن لائن)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کو چیئرمین نادرا مقرر کردیا۔

ذرائع کے مطابق تین ناموں کا ایک پینل وزیر اعظم کو بھجوایا گیا تھا ۔لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر اس وقت جی ایچ کیو میں آئی جی کمیونیکیشن و آئی ٹی ہیں۔نئے چیئرمین کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔نادرا قواعد میں ترمیم کے ذریعے حاضر سروس فوجی آفیسر کو چیئرمین نادرا مقرر کیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر ہلال امتیاز (ملٹری) پاکستان آرمی اور اقوام متحدہ مشن میں آئی ٹی سے متعلق تکنیکی ترقی اور انتظام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر پبلک پالیسی اینڈ نیشنل سیکورٹی مینجمنٹ میں ایم فل ہیں۔ انہوں نے 2010ء کے سیلاب کے دوران جی آئی ایس کے شعبہ میں پبلک پالیسی رسپانس پر تحقیقی مقالہ مرتب کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز (جی آئی ایس) اور ریموٹ سینسنگ میں ایم ایس کیا۔

فوٹو میٹری کے ذریعے تیز رفتار جغرافیائی ڈیٹا تخلیق سے متعلق ان کے مقالے پر انہیں صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ این ڈی یو واشنگٹن ڈی سی سے نیشنل ریسورس سٹریٹجی (سی اینڈ آئی ٹی انڈسٹری اینڈ سپلائی چین مینجمنٹ) میں ایم ایس کیا جہاں انہیں ایک ممتاز گریجویٹ قرار دیا گیا۔ اس وقت وہ نسٹ (NUST) اسلام آباد میں ریموٹ سینسنگ میں پی ایچ ڈی کے امیدوار ہیں۔ ان کا تحقیقی مقالہ ریموٹ سینسنگ اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پلانٹ ڈزیزز کا پتہ لگانے سے متعلق ہے۔ آئی ٹی اور جی آئی ایس کے مختلف پہلو?ں سے متعلق کریڈٹ کے لئے انہیں نے متعدد تحقیقی اشاعتیں کیں۔ آئی ٹی سے متعلق کام کے تجربہ میں ملٹری جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز (جی آئی ایس) آفیسر کے طور پر یو این ایم ایس میں خدمات انجام شامل ہیں۔ 2010ء کے سیلاب کے دوران سیلاب سے بحالی کے لئے جی آئی ایس ایپلی کیشن کی تیاری میں ان کی وسیع پیمانے پر خدمات موجود ہیں۔ میجر جنرل کی حیثیت سے وہ ڈی جی کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن، کمپیوٹرز اینڈ انٹیلی جنس (C41) ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے جو آئی ٹی کے مکمل انتظام کی ذمہ دار ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کے بعد وہ انسپکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی کے ساتھ ساتھ کمانڈر پاکستان آرمی سائبر کمانڈ بھی رہ چکے ہیں۔

Comments are closed.