ترقی کی راہ میں حائل لوگوں کو ہٹانا ضروری تھا، مولانا فضل الرحمان
بنوں(آن لائن ) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ترقی کی راہ میں حائل لوگوں کو ہٹانا ضروری تھا،ہم نے چھٹی انگلی کی طرح پی ٹی آئی کو کاٹ کر رکھ دیا، دوبارہ اس فتنے کو ملک پر مسلط نہیں ہونے دینگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ سی پیک کو منجمد کر دیا گیا تھا، سی پیک کو عمران خان نے روکا،ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے عمران خان کو ہٹانا ضروری تھا۔فتنہ سامنے سے ہٹا تو ترقی کی راہیں دوبارہ کھل گئی ہیں، سی پیک منصوبے پر کام جاری ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بنوں سے لے کر ڈیرہ اسماعیل خان تک منصوبوں کو مکمل کرائیں گے، ہم اس ملک کے وفادار ہیں اور ہماری کارکردگی بولے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت اپنی ایک کارکردگی بتائے، ہم نے پی ٹی آئی چیئرمین کی سیاست کو چھٹی انگلی کی طرح کاٹ کر رکھ دیا ہے، ہم اس ملک کے وفادار ہیں اور ہماری کارکردگی بولے گی اگلی حکومت بھی ہم بنائیں گے۔
دوبارہ اس فتنے کو ملک پر مسلط نہیں ہونے دینگے۔ قبل ازیں مولانا فضل الرحمان اور وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ۔ مولانا فضل الرحمان نے سی پیک مغربی روٹ پر پہاڑپور سروس ایریا اور رحمانی خیل انٹر چینج کا سنگ بنیاد رکھ دیا ،مولانا فضل الرحمن نے وانڈہ مہر دل اور کٹہ خیل رحمانی خیل روڈ کا افتتاح کر دیا۔ سربراہ جے یو آئی نے تحصیل پہاڑپور کے علاقے عبدلخیل میں 132 کے وی گریڈ سٹیشن کا افتتاح کر کے چالو کر دیا ،مولانا فضل الرحمن کے ہمراہ مولانا لطف الرحمن اور مولانا ضیاالرحمن بھی ہمراہ تھے۔
Comments are closed.