اسلام آباد ہائیکورٹ: چیئرمین پی ٹی آئی کے کیسز میں درخواست ضمانت کی کازلسٹ منسوخ

اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کے کیسز میں درخواست ضمانت کی کازلسٹ منسوخ کر دی گئی۔

عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستیں جمعرات کو سماعت کیلئے مقرر تھیں، تاہم چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں ملاقات کی اجازت پر بھی سماعت نہیں ہوگی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بنچ کی ریگولر کازلسٹ بھی منسوخ کر دی گئی۔عدالتی عملے کا کہنا ہے کہ ڈویژن بنچ میں صرف ارجنٹ کیسز کی سماعت ہوگی۔یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں نوازشریف کے خلاف العزیزیہ، ایون فیلڈ ریفرنس میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی کے کیسز میں درخواست ضمانت کی کاز لسٹ منسوخ کی گئی ہے۔

قبل ازیں سائفر کیس میں جیل ٹرائل کرنے کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست نمٹانے کا تحری فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے جاری کیا۔تفصیلات کے مطابق حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا جیل ٹرائل کرنے کی وجوہات حقیقی نوعیت کی ہیں، انہیں سکیورٹی خدشات ہیں۔حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا جیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ بظاہر بدنیتی پر مبنی نہیں،درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو خود کو درپیش سکیورٹی مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔

Comments are closed.