پونے:ورلڈکپ: افغانستان نے سری لنکا کو بھی ہرادیا، پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ کے 30ویں میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ افغانستان کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر پہنچ گئی۔ سری لنکا کا دیا گیا 242 رنز کا ہدف افغانستان نے 46ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ واضح رہے کہ افغانستان کی ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی ہے اور تینوں مرتبہ اس نے سابقہ عالمی چیمپئن ٹیموں کو ہرایا۔ پونے میں کھیلے گئے ایونٹ کے اس اہم میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹرز پتھم نسانکا اور دیموتھ کرونارتنے نے کیا لیکن یہ اوپننگ جوڑی افغانستان کے بولرز کے سامنے اپنی ٹیم کو زیادہ اچھا آغاز فراہم نہ کر سکی۔سری لنکا کی پہلی وکٹ 22 رنز پر دیموتھ کرونارتنے کی صورت میں گری، وہ 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ دوسری وکٹ 82 رنز پر گری جب پتھم نسانکا 46 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔افغانستان کے خلاف سری لنکا کی تیسری وکٹ 134 رنز پر گری، سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈیس 39 رنز پر مجیب الرحمٰن کے شکار ہوئے۔سری لنکا کا اسکور 139 پر پہنچا تو مجیب نے ہی سدیرا سماراوکرما کو 36 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
راشد خان نے سری لنکا کو اس وقت پانچ وکٹوں سے محروم کردیا جب انہوں نے دھننجیا ڈی سلوا کو 167 کے مجموعے پر کلین بولڈ کردیا۔ ڈی سلوا نے 14 رنز کی اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تاہم ٹیم کے آل آوٴٹ ہونے تک ایجیلو میتھیوس نے 25 اور مہیش تھیکشنا نے 29 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو 240 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔ افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی نے 4 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ مجیب الرحمان نے 2 جبکہ عظمت اللّٰہ عمرزئی اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ لی۔ہدف کے تعاقب میں صفر پر رحمان اللّٰہ گرباز پویلین لوٹ گئے، انہیں دلشن مدھوشنکا نے آوٴٹ کیا۔ اس کے بعد افغان بیٹرز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن بیٹرز کو بے بسی کی تصویر بنادیا۔ دوسری وکٹ پر ابراہیم زادران اور رحمت شاہ کے درمیان 78 رنز کی پارٹنر شپ بنی، تو تیسری وکٹ پر رحمد شاہد اور کپتان حشمت اللّٰہ شاہدی کے درمیان 58 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ابراہیم زادران 39 رنز بنا کر پویلین لوٹے، انہیں بھی مدھوشنکا نے آوٴٹ کیا جبکہ حشمت اللّٰہ شاہدی 62 رنز بنا کر کاسن راجیتھا کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہوئے۔تاہم چوتھی وکٹ پر حشمت اللّٰہ شاہدی اور عظمت اللّٰہ عمر زئی کے درمیان 111 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ نے افغانستان کو ایونٹ میں تیسری فتح دلوادی۔
Comments are closed.