9 مئی مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کا جیل ٹرائل ہوگا: ایس ایس پی انوسٹی گیشن

لاہور (آن لائن) ایس ایس پی انوسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انوش مسعود نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے 9مئی کے واقعات سے متعلق تعاون کرنے سے انکار کیا، 9 مئی کے مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کا جیل ٹرائل ہوگا،تارکین وطن کی واپسی کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، غیر ملکی افراد کو پناہ دینے والے پاکستانیوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ایس ایس پی انوسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود نے کہا کہ 9مئی کے تمام مقدمات کے چالان جمع کروا دئیے گئے ہیں اور چالان کے ساتھ تمام شواہد بھی لگا دئیے گئے ہیں۔ایس ایس پی انوسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت نے تعاون کرنے سے انکار کیا، چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش ابھی بھی جاری ہے،ان سے پہلے بھی رابطہ کیا گیا، لیکن انہوں نے تعاون نہیں کیا۔ڈاکٹر انوش مسعود کا مزید کہنا تھا کہ 9مئی کے مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کا جیل ٹرائل ہوگا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود نے کہا کہ پنجاب میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ لوگوں کی اسکیننگ اور غیرملکی افراد کی میپنگ کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ تارکین وطن کی واپسی کے حوالے سے متعلقہ محکموں کی ٹیمیں مصروف عمل ہیں جبکہ ٹیموں کو رینجرز اور پولیس کی سیکیورٹی بھی میسرہے۔ڈاکٹر انوش مسعود نے کہا کہ غیر ملکی افراد کے پاس موجود دستاویزات کی جانچ پڑتال جاری ہے اور ان کیلئے مختلف اضلاع میں کیمپس قائم ہیں جن میں رہائش، کھانے پینے، طبی امداد اور سکیورٹی کے انتظامات ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کیمپوں میں مرد اور عورتوں کیلئے علیحدہ علیحدہ رہائش گاہیں بھی بنائی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بارڈرکراسنگ پوائنٹس تک انخلا کے دیگر ضروری اقدامات بھی مکمل کرلئے گئے ہیں۔غیرقانونی تارکین کو پناہ دینے والے پاکستانیوں کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔یاد رہے کہ نگران حکومت کی جانب سے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ملک چھوڑنے کے لئے 31 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی جو کہ منگل کے روز مکمل ہو رہی ہے۔

Comments are closed.