مولانا فضل الرحمان کی حماس رہنماؤں اسماعیل ہانیہ اور خالد مشعال سے ملاقاتیں
اسلام آباد( آن لائن)جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ اسرائیل فلسطین میں ظلم وستم کرکے قبلہ اول کو ہیکل میں بدلنے کی مذموم کوشش کررہا ہے ۔ ترجمان جے یو آئی ف اسلم غوری کے مطابق جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ گذشتہ روز قطر پہنچے جہاں انہوں نے حماس رہنماوٴں خالد مشعل اور اسماعیل ہانیہ سے ملاقات کی ،ملاقات میں سیکریٹری جنرل جے یو آئی سندھ مولانا راشدمحمودسومرو اور مفتی ابرار احمد بھی شریک تھے ۔مولانا فضل الرحمان نے شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعاء کی۔ مسئلہ فلسطین پر رہنماوٴں میں تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ،
ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں ظلم وستم کرکے قبلہ اول کو ہیکل میں بدلنے کی مذموم کوشش کررہاہے فلسطینی صرف اپنی زمین ہی نہیں بلکہ امت مسلمہ کی طرف سے فرض ادا کرتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں۔ وقت آگیاہے کہ امت مسلمہ عملی میدان میں فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو ں،ترقی یافتہ ممالک کے دعویداروں کے ہاتھ معصوم بچون اور خواتین کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔حماس رہنمااسماعیل ہانیہ اور خالد مشعل نے کہا کہ امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہوجائے ، انسانی حقوق کے دعویدار ممالک ہتھیاروں سے بھرے جہاز لے کر تل ابیب پہنچ رہے ہیں۔ امت مسلمہ بھی فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے لئے میدان میں نکلے ، اپنی ماوٴں بہنوں اور بھائیوں کی مدد کرے۔ کشمیر اور فلسطین پر عرصہ دراز سے مظالم انسانی حقوق کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔مولانا فضل الرحمان پاکستان میں فلسطین کے سفیر کا کردار ادا کررہے ہیں ۔
Comments are closed.