شہباز شریف کا خالد مقبول صدیقی کو فون، ایم کیو ایم وفد کو نوازشریف سے ملاقات کی دعوت دیدی
لاہور ( آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ ن نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کو پارٹی قائد نوازشریف سے ملاقات کی دعوت دے دی۔ تفصیل کے مطابق صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کو فون کیا اور ن لیگ کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کو سابق وزیرِاعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے مدعو کیا۔ ایم کیو ایم کا 3 رکنی وفد آج(منگل کو)قائد ن لیگ نوازشریف سے ملاقات کریگا، وفد خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں لاہور پہنچے گا، جس میں مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار بھی شامل ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، پارٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نوازشریف رواں ہفتے سب سے پہلے مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، ان کی دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتوں کا شیڈول بھی طے کیا جا رہا ہے، مسلم لیگ ن نے اہم اجلاس میں پارٹی قائد کے ملک کے چاروں صوبوں کے دوروں کا فیصلہ بھی کیا ہے، نوازشریف 10 نومبر کے بعد ملک بھر میں دوروں کا آغاز کریں گے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماء حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ اللہ پر مکمل پر بھروسہ ہے کہ پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا، میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ٹھیک کریں گے، ن لیگ کو پھر موقع ملا تو معیشت کو ٹھیک کرنے کی کوشش کرے گی، الیکشن کے بعد آنے والی حکومت کے معاشی ایجنڈے کو 10 سال تک تحفظ ملنا چاہیے، اگر کسی نے اس قوم کے پیسے لوٹے ہیں تو اسے حساب دینا ہوگا, توشہ خانہ والوں کو بھی حساب دینا ہوگا۔
Comments are closed.