حکومت کا تعلیمی اداروں میں نشے کے کاروبار کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے تعلیمی اداروں میں نشے کے کاروبار کیخلاف آپریشن کا فیصلہ کیا ہے ۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال سے متعلق اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور اسلام آباد انتظامیہ حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔تعلیمی اداروں میں منشیات کے کاروبار کے خلاف آپریشن کیا جائیگا۔ نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزارت داخلہ، اسلام آباد کی انتظامیہ اور آئی جی اسلام آباد سے میٹنگ ہوئی ہے ۔تعلیمی اداروں میں نشے کے کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے آپریشن کی نگرانی نگران وزیر داخلہ سرفراز بکٹی ذاتی طور پر کریں گے ۔ نگران وزیر اعظم نے کہا منشیات فروش ہماری نوجوان نسل اور پاکستان کے مستقبل کی تباہی کے درپے ہیں۔ان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

Comments are closed.